رسائی کے لنکس

انسٹا گرام اب صارفین کو تیکنیکی خرابی سے پیشگی آگاہ کرے گا


فوٹوز اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام نے اعلان کیا ہے کہ بندش یا تیکنیکی خرابی کی صورت میں صارفین کو پیشگی اطلاع دینے کے لیے ایک فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے۔

یہ اعلان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ دنوں فیس بک کی ملکیتی اس ایپ کی سروسز دو مرتبہ تعطل کا شکار ہو چکی ہیں۔

انسٹا گرام کی جانب سے ایک بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ ابتدا میں یہ فیچر آزمائشی بنیادوں پر صرف امریکہ میں چند ماہ کے لیے متعارف کرایا جائے گا۔

بلاگ پوسٹ کے مطابق اس فیچر سے صارفین کو ان کی ’ایکٹیویٹی فیڈ‘ میں بتایا جائے گا کہ کب انسٹا گرام تعطل یا تیکنیکی خرابی کا شکار ہوا اور کب اس مسئلے کو حل کر لیا گیا۔

انسٹا گرام کا کہنا ہے کہ صارفین کو ذہنی الجھن سے بچانے اور صورتِ حال واضح رکھنے کے لیے یہ فیچر متعارف کرایا جا رہا ہے۔

چار اکتوبر کو چھ گھنٹوں تک فیس بک کی خدمات معطل رہنے کے باعث اس کے ساڑھے تین ارب صارفین کو فیس بک، واٹس ایپ اور انسٹا گرام تک رسائی حاصل نہیں رہی تھی۔

انوکھا احتجاج: انسٹاگرام پر رقص کی 300 وڈیوز شائع
please wait

No media source currently available

0:00 0:00:37 0:00

ویب مانیٹرنگ گروپ ’ڈاؤن ڈیٹیکٹر‘ کے مطابق پیر کو بھی انسٹا گرام کے صارفین کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

خبر رساں ادارے 'رائٹرز' کے مطابق فیس بک ایک ایسے فیچر پر بھی کام کر رہا جس کے ذریعے صارفین کو ان کا اکاؤنٹ معطل ہونے کے خطرات سے بھی پیشگی آگاہ کیا جائے گا۔

اس کے علاوہ انسٹا گرام بلاگ پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ صارفین کو انسٹا گرام سے متعلق بہتر سمجھ بوجھ دینے کے لیے ایک انفارمیشن ٹول پر بھی کام کیا جا رہا ہے۔

’ٹیک اے بریک‘

اس سے قبل فیس بک نے نوجوانوں کو مضر مواد سے دور رکھنے کے لیے نئے اقدامات کرنے کے کا بھی اعلان کیا تھا۔

اتوار کو فیس بک کے نائب صدر نک کلیگ نے امریکی نشریاتی ادارے ’سی این این‘ سے بات کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ہم کچھ ایسا متعارف کرانے جا رہے ہیں جس سے بہتری آئے گی۔

ان کا کہنا تھا ہمارا سسٹم نظر رکھے گا کہ ٹین ایجر کیا بار بار ایسا مواد دیکھ رہے ہیں جو ان کے لیے سود مند نہیں ہے؟ ایسی صورت میں ہمارا نظام انہیں کچھ اور مواد دیکھنے کی ترغیب دے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ انسٹا گرام کے لیے ’ٹیک اے بریک‘ کے نام سے بھی ایک فیچر لے کر آ رہے ہیں جو نو جوانوں کو انسٹا گرام کے استعمال سے وقفہ لینے کے لیے پیغام دے گا۔

گزشتہ ہفتے فیس بک کو نو جوانوں کے تحفظ سے متعلق اقدامات پر امریکی سینیٹرز کی جانب سے کڑے سوالات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

اس دوران یہ حوالہ بھی دیا گیا تھا کہ ایک داخلی تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ فیس بک اس بات سے آگاہ ہے کہ کس طرح انسٹا گرام ایپ نو جوانوں کی دماغی صحت کو متاثر کر رہی ہے۔

اس خبر میں شامل معلومات خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ سے لی گئی ہیں۔

فیس بک فورم

XS
SM
MD
LG